۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
زوار حسین

جو قوم عبادت کے میدان خداوند متعال کے حضور حاضر رہے اور عبادت کو اس کی حقیقی روح کے مطابق انجام دے اور استعماری طاقتوں سے مقابلے کے میدان میں رہے وہی حقیقی فلاح پانے والی قوم ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مظفرآباد/ چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنی عظیم قوم کو عیدالفطر کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتا ہوں خاص طور پر وطن کے لیے قربانیاں پیش کرنے والوں کے اہل خانہ اور پوری ملت اسلامیہ کی خدمت میں بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے اپنے پیغام عید میں کہا کہ رمضان المبارک میں وسیع پیمانے پر قرآنی محفلوں کا انعقاد، دعا، توسل اور گریہ و زاری کی مجلسیں، مسجدوں اور دوسرے عمومی مقامات پر سادہ افطاریاں، اور سب سے بڑھ کر یوم القدس کے موقع پر عظیم الشان ریلیوں کا انعقاد، یہ سب آسمانی برکتوں کی نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو قوم عبادت کے میدان خداوند متعال کے حضور حاضر رہے اور عبادت کو اس کی حقیقی روح کے مطابق انجام دے اور استعماری طاقتوں سے مقابلے کے میدان میں رہے وہی حقیقی فلاح پانے والی قوم ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام عید میں فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلومین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس آج غاصب اور سیاہ کار اسرائیلی حکومت اور اس کی اتحادی امریکی، برطانوی اور دیگر یورپی حکومتوں نے ماہ مبارک رمضان میں فلسطین بالخصوص غزہ کے عوام کی زندگی کو سخت اور دشوار کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ خطہ کے دیگر ممالک کی عوام کو بھی مشکلات سے دوچار کیا ہوا ہے یہ مسائل پوری ملت اسلامیہ کے لئے بہت ہی اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے ائمہ مساجد اور خطیب حضرات سے گزارش کی کہ وہ نماز عید کے خطبوں میں فلسطین پر ڈھائے جانے والے مظالم کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کریں اور کم از کم اس بابرکت موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کے لیے دعا ضرور کی جائے انہوں نے غیور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سال غزہ کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عیدالفطر کو انتہائی سادگی سے منائیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .